میرپور — ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور سید عمران عباس نقوی نے رٹھوعہ ہریام پل پر ہیوی ٹریفک اور مال بردار گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق آج 26 نومبر 2026ء سے ہوگا۔
حکم نامے کے مطابق رٹھوعہ ہریام پل ٹریفک کے لیے کھولے جانے کے بعد پل کے دونوں اطراف واقع لنک پوائنٹس پر ہیوی ٹریفک اور مال بردار گاڑیوں کی آمدورفت کے باعث ٹریفک جام کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ پل پر دونوں اطراف سے بیک وقت بھاری گاڑیوں کی آمدورفت سے بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے، جس کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت تمام مالکان اور ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہیوی ڈیوٹی گاڑیاں، مال بردار گاڑیاں، ٹریلرز، ٹرک، ڈمپرز اور ٹریکٹر ٹرالیاں اسلام گڑھ، سماہنی، ضلع کوٹلی اور دیگر علاقوں کی جانب آمدورفت کے لیے حسب سابق پرانا راستہ براستہ جڑی کس روڈ اور خالق آباد استعمال کریں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مذکورہ گاڑیوں کو کسی دوسرے متبادل راستے سے گزرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پابندی پر مؤثر عملدرآمد اور نگرانی کے لیے سب ڈویژنل مجسٹریٹس میرپور و اسلام گڑھ، ٹریفک پولیس افسران اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پل کے دونوں اطراف لنک پوائنٹس پر پابندی سے متعلق آگاہی بورڈز نصب کروائے جائیں تاکہ ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹرز کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکے۔
ضلعی انتظامیہ نے ٹرانسپورٹرز اور شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹریفک کے بہتر انتظام، عوامی سہولت اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ منگلا ڈیم کے ذخیرہ آب پر تعمیر ہونے والا تقریباً تین کلومیٹر طویل رٹھوعہ ہریام پل 18 نومبر کو وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے افتتاح کیا تھا۔ یہ منصوبہ تقریباً دس ارب روپے کی لاگت سے وفاقی حکومت کے مالی تعاون سے مکمل ہوا ہے اور میرپور شہر کو اسلام گڑھ سے جوڑتا ہے جبکہ ضلع کوٹلی کی جانب براہ راست راستہ فراہم کرتا ہے۔








