Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / LanguageEnglish
منگل، 22 ستمبر 2026•11:00 PMPKT
ای پیپر
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
جملہ حقوق بحق روزنامہ حیات محفوظ ہیں۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
صفحہ اولآزاد کشمیربھمبر: وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ایکشن پلان کا حکم

بھمبر: وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ایکشن پلان کا حکمآزاد کشمیر

hammadkhaksar
hammadkhaksar
جمعرات، 12 نومبر، 2026
4 منٹ
ہمیں فالو کریں:WhatsAppFacebook

وزیر صحت ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر کا دورہ کیا، 970 ملین روپے کے بہتری پیکج اور نئی کیتھ لیب منصوبے کا جائزہ لیا اور مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کے لیے شارٹ، مڈ اور لانگ ٹرم ایکشن پلان کا حکم دیا۔

بھمبر: وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ایکشن پلان کا حکم
شیئر کریں:

وزیر صحت حکومت آزاد جموں و کشمیر ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بھمبر کا دورہ کیا، ہسپتال کے مختلف وارڈز اور طبی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ضلع کے عوام کو بہتر علاج معالجے کی سہولیات دینے کے لیے شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم ایکشن پلان طے کرنے کی ہدایت کی۔

دورے کے دوران وزیر صحت نے ہسپتال کے انتظامی سیکشنز، وارڈز اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا معائنہ کیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپور ڈاکٹر فدا حسین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر محبوب احمد چوہدری، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر بھمبر ڈاکٹر شہزاد غضنفر، ایکسین مظہر حسین اور محکمہ صحت کے دیگر افسران نے وزیر صحت کو بریفنگ دی۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ہدایت کی کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کے ویژن کے مطابق عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جائیں، مریضوں کی بہتر نگہداشت کی جائے اور علاج معالجے میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال آنے والے ہر مریض کو بلا امتیاز سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ڈاکٹرز و طبی عملہ خدمت کے جذبے کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ صحت عامہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور سرکاری ہسپتالوں میں جدید طبی آلات، ضروری مشینری، ادویات اور افرادی قوت کی فراہمی کے ذریعے علاج معالجے کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھمبر کے عوام کو صحت کے شعبے میں خصوصی ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

اس موقع پر ڈی ایچ کیو ہسپتال بھمبر میں جدید کیتھ لیب کے قیام کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ خطیر فنڈز سے کیتھ لیب کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ اس مقصد کے لیے عمارت اور دیگر ضروری انتظامات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔ وزیر صحت نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل اور عوام کو جدید امراض قلب کے علاج کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔

بریفنگ کے دوران ہسپتال کی مجموعی بہتری کے لیے تقریباً 970 ملین روپے کی گرانٹ اور مختلف ترقیاتی و طبی ضروریات کے لیے مختص رقوم کا بھی ذکر کیا گیا۔ اس میں ہیومن ریسورس کے لیے تقریباً 102 ملین روپے، الیکٹرو مکینیکل ضروریات اور دیگر طبی و انتظامی سہولیات کے لیے فنڈز شامل ہیں۔ مزید برآں تقریباً 300 ملین روپے کے بائیو میڈیکل پلان اور 3 کروڑ روپے کی نئی منظوری کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ہسپتال میں ایکو مشین، ہائی اور میڈیم مانیٹرز، کارڈیک مانیٹرز، آئی سی یو بیڈز، ای سی جی مشینیں، بلڈ پریشر سیٹس، ای ٹی ٹی مشینیں، وہیل چیئرز، ایکسرے مشینیں اور دیگر ضروری طبی آلات کی فراہمی شامل ہے۔ اسی طرح آپریشن تھیٹر، آئی ٹی سی اور دیگر شعبہ جات کی بہتری، الیکٹرو مکینیکل آلات اور ضروری دفتری و طبی عملے کی دستیابی کے لیے بھی اقدامات زیر غور ہیں۔

وزیر صحت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں میں شفافیت، معیار اور مقررہ مدت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مختص فنڈز کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم، لانگ ٹرم پلان اور 100 روزہ حکومتی پلان میں عوام کو مزید سہولیات دی جائیں گی۔

ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ہسپتال کے انتظامی امور، صفائی ستھرائی، مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی عملے کی حاضری کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بھمبر میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے سپیکر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری طارق فاروق کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی کے لیے ان کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں ہسپتالوں کو ترجیحی بنیادوں پر بہتری کی طرف لانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور عوام کو بہتر، معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات تیز کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہسپتال کے بہبود آبادی مرکز کا بھی معائنہ کیا جہاں ڈسٹرکٹ آفیسر ثمر علی خان نے انہیں بریفنگ دی۔

بھمبر: وزیر صحت کا ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ، ایکشن پلان کا حکم