وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں کو پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کی رہائش کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے اور وفاقی دارالحکومت کے اساتذہ کو غیر تدریسی ذمہ داریوں سے آزاد کرنے کا حکم دیا ہے۔
ہدایات کے مطابق وفاقی نظامتِ تعلیم کے زیر انتظام اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں، کلاس رومز اور دیگر سہولتیں صرف تعلیمی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوں گی۔ انھیں پولیس کی تعیناتی، عارضی کیمپ، اہلکاروں کی رہائش، حراستی مراکز یا دیگر سیکیورٹی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وزیراعظم آفس نے اسلام آباد کے تعلیمی شعبے سے متعلق اجلاس کے بعد وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کو تحریری ہدایات جاری کیں۔ وزارت نے اس پر عمل درآمد کے لیے باضابطہ آفس میمورنڈم جاری کر دیا اور فیصلے سے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو بھی آگاہ کر دیا۔
عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متعلقہ مراسلہ سیکرٹری داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اساتذہ کو تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ دیگر سرکاری کاموں پر لگانے سے بھی روک دیا ہے۔ فیصلے کے مطابق وفاقی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو انتخابی ڈیوٹی، مردم شماری، گھر گھر سروے اور دیگر انتظامی امور کے لیے طلب نہیں کیا جا سکے گا۔ وزارتِ تعلیم نے متعلقہ حکام کو ایسی تمام ذمہ داریاں فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔
ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے اساتذہ جو پہلے ہی غیر تدریسی یا انتظامی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، ان کی ڈیوٹیاں فوری طور پر ختم کی جا سکتی ہیں تاکہ وہ اپنی اصل ذمہ داری یعنی تدریس پر توجہ دے سکیں۔
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب ستمبر میں اسلام آباد کے 38 سرکاری اسکولوں اور کالجوں کو ایک سے تین ہفتوں کے لیے بند کر دیا گیا تھا تاکہ ان کی عمارتوں میں پاکستان تحریکِ انصاف کے متوقع احتجاج سے قبل پولیس اہلکاروں کو ٹھہرایا جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد تدریسی وقت کا تحفظ اور تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی یا انتظامی استعمال سے بچا کر صرف تعلیم پر مرکوز رکھنا ہے۔ وزارتِ وفاقی تعلیم میمورنڈم پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان کی عمارتیں صرف تعلیمی مقاصد کے لیے دستیاب رہیں گی۔
یہ ہدایات اسلام آباد میں وفاقی نظامتِ تعلیم کے تحت چلنے والے اسکولوں اور کالجوں پر لاگو ہوں گی۔ اساتذہ کی تنظیمیں طویل عرصے سے کلاس روم سے باہر کی ذمہ داریوں سے نجات کا مطالبہ کر رہی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ انتخابی، مردم شماری اور سروے کا کام اساتذہ کو ہفتوں تک طلبہ سے دور رکھتا ہے۔








