ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ حکومت فوری طور پر پونچھ ڈویژن میں لگے ناکے ختم کرائے، چھ ماہ گزر گئے ہیں اور تقریباً دس لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکول، کالجز، میڈیکل کالج اور پونچھ یونیورسٹی کی بندش کی وجہ سے طلبہ اور عوام شدید متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر فیکٹ فائنڈنگ اینڈ ری کنسیلیشن کمیشن تشکیل دے تاکہ اس مسئلے کا جلد از جلد حل نکل سکے، اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ موجودہ بحران سے تحریک آزادی کشمیر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کو شادیانے بجانے کا موقع نہ دیا جائے اور اس مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے جائز مطالبات پورے کیے جائیں اور میرٹ کی بنیاد پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کا اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت بے گناہ افراد کو رہا کرے اور جن افراد نے جرم کیا ہے ان کو سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دس لاکھ لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی، اور حکومت فوری طور پر عوام کو ریلیف فراہم کرے۔
مشاورتی اجلاس میں سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی، ڈاکٹر خالد محمود خان، سیکرٹری جنرل راجہ جہانگیر خان، ایڈوکیٹ سردار زاہد رفیق، سید سلیم گردیزی، ظفر حسن ظفر، سردار سجاد انور، عمران عزیز، راجہ خالد محمود خان، طارق خان، انور خان، سید ارشد بخاری اور سردار نزاکت حسین سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر مشتاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش جاری رکھے گی تاکہ پونچھ کے بحران کا پرامن اور پائیدار حل تلاش کیا جا سکے۔








