پونچھ بالخصوص راولاکوٹ کی صورتحال کے مذاکراتی حل کے لیے سابق صدر آزادکشمیر و سابق سفیر سردار مسعود خان کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی مذاکراتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
کمیٹی اسلام آباد میں جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے پونچھ مشاورتی اجلاس میں تشکیل دی گئی، جس میں آزادکشمیر کی سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور راولاکوٹ سمیت پونچھ کی موجودہ صورتحال پر غور و خوض کیا گیا۔
سردار مسعود خان کے علاوہ کمیٹی میں سابق صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان، سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان، سردار حسن ابراہیم، ڈاکٹر خالد محمود اور بریگیڈیئر (ر) خان محمد شامل ہیں۔
اجلاس کے مطابق کمیٹی تمام متعلقہ فریقین سے رابطے کرے گی اور پونچھ کی موجودہ صورتحال کے حل کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کر کے پیش کرے گی۔
اجلاس میں متفقہ طور پر مطالبہ کیا گیا کہ پونچھ، بالخصوص راولاکوٹ میں جاری کشیدگی کم کرنے کے لیے تمام فریقین طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔ اجلاس نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقین کو اعتماد میں لینے اور بامقصد مذاکراتی عمل شروع کرنے پر زور دیا۔
شرکا نے اکتوبر 2025ء کے معاہدے پر عملدرآمد اور تعلیمی سرگرمیوں کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا اور حکومت پاکستان اور حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا کہ معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ جانی نقصان سے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کی ادائیگی کا واضح طریقہ کار وضع کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ عوامی حقوق کی تحریک کو ریاست مخالف یا دہشت گردی کی تحریک بننے سے روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں اور عام شہریوں کی زندگی کے معمولات بحال کرنے اور قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، جب کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ بھی ریاستی و انتظامی ترجیحات میں شامل ہو۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایکشن کمیٹی اپنے طے شدہ دائرہ کار اور حدود میں رہتے ہوئے تمام متنازعہ معاملات کے حل میں کردار ادا کرے، جب کہ عوامی مطالبات اور انتخابات سے متعلق معاملات پر مشاورت اور مذاکرات کے ذریعے تمام فریقین کے لیے قابل قبول حل تلاش کیا جائے۔
تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش اور طلبہ کے تعلیمی نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں کی فوری بحالی اور تعلیمی نقصان کے ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں راولاکوٹ میں موجود مسلح افراد کو بھی مذاکراتی عمل میں شامل کرنے اور ان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے اقدامات کرنے پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے شرکا نے ریاست جموں و کشمیر کے تاریخی، سیاسی اور جغرافیائی تشخص، تحریک آزادی، 1947ء کے تاریخی پس منظر، 4 اکتوبر 1947ء کی انقلابی حکومت اور 24 اکتوبر 1947ء کو آزاد حکومت کے قیام کے تاریخی تناظر میں ریاستی تشخص اور حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








