شہری اب نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے متعدد خدمات کیلیے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کے علاوہ دیگر سہولیات کیلیے بھی بائیومیٹرک تصدیق کروا سکتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ پروف آف لائف سرٹیفکیٹ، موٹرسائیکل یا گاڑی کی ملکیت کی منتقلی، جانشینی سرٹیفکیٹ کیلیے قانونی ورثا کی تصدیق، حکومتِ پنجاب کے جاری کردہ اسلحہ لائسنس اور پاسپورٹ سے متعلق بائیومیٹرک تصدیق کیلیے پاک آئی ڈی ایپ استعمال کی جا سکتی ہے۔
نادرا نے کہا کہ شہری متعلقہ سروس کیلیے ایپ میں دی گئی ہدایات کے مطابق اپنی بائیومیٹرک تصدیق مکمل کریں۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے شہری ان تصدیقات کیلیے نادرا دفتر جائے بغیر اپنے موبائل فون سے نادرا کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔








