ایڈیشنل سیکریٹری صحت زاکر حسین نے پی ایچ کیو ہسپتال گلگت کا اچانک دورہ کر کے انتظامی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کے مجموعی انتظامی امور، صفائی ستھرائی، حفظان صحت کے انتظامات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
ایڈیشنل سیکریٹری صحت نے ہسپتال کے مختلف انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ہسپتال کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے اور علاج معالجے کے معیار میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
حکومت گلگت بلتستان کے مطابق عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اس کی ترجیحات میں شامل ہے۔








