نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے نوجوانوں کو ہدایت کی ہے کہ ملازمت کے لیے درخواست دینے سے قبل کال سینٹرز کی قانونی حیثیت جانچ لیں، کیونکہ غیر قانونی سینٹر میں کام کرنے سے پولیس ریکارڈ بن سکتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق درخواست گزاروں کو ملازمت شروع کرنے سے قبل سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی) اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے پاس کال سینٹر کی رجسٹریشن جانچنی چاہیے۔
ایجنسی نے کہا کہ کمپنی کا ایس ای سی پی کے پاس رجسٹرڈ ہونا اور اس کے پاس نیشنل ٹیکس نمبر (این ٹی این) اور ایف بی آر کے پاس ٹیکس رجسٹریشن ہونا ضروری ہے۔
نوجوانوں کو یہ بھی مشورہ دیا گیا کہ وہ پی ٹی اے سے تصدیق کریں کہ آیا کمپنی نے آئی پی وائٹ لسٹنگ حاصل کی ہے اور قانونی طور پر مجاز ٹیلی کمیونیکیشن سروسز استعمال کر رہی ہے۔
درخواست گزاروں سے مزید کہا گیا کہ وہ یقینی بنائیں کہ کمپنی فراڈ، شناختی جعلسازی یا غیر قانونی مالی اسکیموں میں ملوث نہ ہو۔








