اسلام آباد: 99 واں پاکستان لرننگ فیسٹیول (پی ایل ایف) ‘امن اور پائیداری کے لیے تعلیم’ کے موضوع کے تحت وفاقی دارالحکومت میں بدھ کو اختتام پذیر ہوا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سمیت 9 ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔
دو روزہ فیسٹیول اسلام آباد کالج فار گرلز (آئی سی جی)، ایف-6/2 میں منعقد ہوا، جس کا اہتمام ادارہ تعلیم و آگاہی (آئی ٹی اے) نے وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت اور وفاقی نظامت تعلیم (ایف ڈی ای) کے اشتراک سے کیا۔
فیسٹیول میں 119 وسائل کاروں نے 128 تعلیمی و تخلیقی سیشنز منعقد کیے، جن میں بچوں اور نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار، جدید ٹیکنالوجی کی تلاش اور تخلیقی و تنقیدی سوچ کی نشوونما کے مواقع ملے۔
فیسٹیول میں کہانی سنانے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، پائیدار ترقی، لڑکیوں کی صحت و صفائی، معذور افراد کے حقوق، تھیٹر، موسیقی، کتابوں کی رونمائی اور فنون لطیفہ سمیت متنوع سرگرمیاں شامل تھیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں خصوصی خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا۔
یونیسکو نے تین خصوصی تعلیمی سیشنز کا اہتمام کیا، جبکہ سائٹ سیورز نے بچوں کے لیے مفت آنکھوں کی جانچ کی سہولت فراہم کی۔ ملالہ فنڈ اور ایس او سی فلمز نے بھی خصوصی تعلیمی سیشنز منعقد کیے۔ شانگلہ کی طالبات کی جانب سے پائیدار ترقی پر پیش کردہ خصوصی ماڈل کو شرکاء کی جانب سے خاصی پذیرائی ملی۔
فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں یونیسکو کے نمائندے فواد پاشائیف نے کہا کہ تمام بچوں کے لیے تعلیم تک مساوی رسائی یقینی بنانا ادارے کی اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پر مبنی تعلیمی اقدامات، ماڈل اسکولوں اور نصاب سے ہم آہنگ ریڈیو اسباق کے ذریعے دور دراز علاقوں میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹلی کے تعاون سے نافذ کیا جانے والا ریڈیو تعلیمی منصوبہ ان بچوں تک پہنچنے کا ہدف رکھتا ہے جو تعلیمی سہولتوں سے محروم ہیں۔ یونیسکو اس عزم پر قائم ہے کہ کوئی بچہ پیچھے نہ رہے، انہوں نے کہا۔
آئی ٹی اے کی چیف ایگزیکٹو آفیسر بیلا رضا جمیل نے کہا کہ دو روز میں 128 سیشنز کی کامیاب تکمیل شریک اداروں اور معاونین کی اجتماعی کوششوں کا مظہر ہے۔ فیسٹیول نے یہ دکھایا کہ تعلیم خوشگوار، تخلیقی اور ہر بچے کے لیے کھلی ہو سکتی ہے۔








