پاک فوج نے آزاد کشمیر کی جہلم ویلی کی یونین کونسل گوجر بانڈی میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا، جہاں علاقے کے عوام کو مفت طبی معائنہ، آنکھوں کا خصوصی چیک اپ اور ادویات کی سہولت فراہم کی گئی۔
کیمپ گورنمنٹ بوائز ہائی سکول خورشید حسن خورشید میں منعقد ہوا، جہاں پاک فوج کے ڈاکٹروں اور طبی عملے نے خدمات سرانجام دیں۔ کیمپ میں آنے والے تمام مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، جبکہ آنکھوں کے امراض میں مبتلا افراد کا خصوصی طور پر چیک اپ کیا گیا اور مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
پاک فوج کی میڈیکل ٹیم نے کیمپ کے تمام انتظامات اور طبی سرگرمیوں کی ذمہ داریاں خود سنبھالیں۔ ڈاکٹروں نے ہر مریض کا انفرادی طور پر معائنہ کیا اور ان کی طبی ضروریات کے مطابق رہنمائی فراہم کی۔ کیمپ میں مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دستیاب طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔
اہل علاقہ نے پاک فوج کی میڈیکل ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دور افتادہ علاقوں میں مفت طبی کیمپوں کا انعقاد قابل تحسین انسانی خدمت ہے۔ عوام کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے ان لوگوں کو خصوصی ریلیف ملتا ہے جو مالی مشکلات یا فاصلے کی وجہ سے بڑے ہسپتالوں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے، اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی ایسے فلاحی میڈیکل کیمپس کا سلسلہ جاری رہے گا۔








