دورے کے دوران وزرا نے ہسپتال میں مجوزہ کیتھ لیب کے قیام کے لیے مختص جگہ، لیبارٹری کی ضروریات کے مطابق عمارت کی اپ گریڈیشن اور پرانے ہسپتال میں مختلف وارڈز کی بہتری کے لیے مجوزہ اقدامات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے موقع پر ایکسین بلڈنگز رضوان شبیر مرزا کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے تاکید کی کہ ترقیاتی کاموں کو ہسپتال کی عملی ضروریات اور طبی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جائے۔
وزرا نے ہسپتال کی حدود میں قائم سپورٹس پارک کا افتتاح بھی کیا اور برن سنٹر کا دورہ کرکے وہاں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
بعد ازاں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر نصراللہ صادق نے کمیٹی روم میں وزرا کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی، دستیاب طبی سہولیات، مختلف شعبہ جات کی ضروریات اور درپیش انتظامی و مالیاتی مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے ہسپتال میں آکسیجن پلانٹ کی تنصیب کے لیے چار کروڑ روپے کے فنڈز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے پیتھالوجی کے شعبے کا بجٹ بڑھانے کا بھی اعلان کیا تاکہ مریضوں کو معیاری تشخیصی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
وزیر صحت نے کہا کہ ہسپتال کی ایمرجنسی سروسز کے لیے سالانہ بجٹ میں تین کروڑ روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے، جس میں سے پچاس لاکھ روپے ڈائیلاسز کے مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کیے جا سکیں گے۔
انہوں نے گردوں کے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نیفرولوجسٹ کی خالی آسامی پر ایڈہاک بنیادوں پر تقرری کے لیے فوری اشتہار جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر وزیر حکومت چوہدری عبدالرحمٰن نے لوکل گورنمنٹ کے فنڈز سے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر کی اپ گریڈیشن کے لیے دس لاکھ روپے فراہم کرنے سے اتفاق کیا۔
وزیر صحت عامہ ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کوٹلی کے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے وزیر حکومت چوہدری عبدالرحمٰن کی خصوصی دلچسپی، بھرپور معاونت اور مؤثر کردار کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا، اور کیتھ لیب کے اہم منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ان کی کاوشوں کو قابل تحسین قرار دیا۔
وزرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی میں طبی سہولیات کی بہتری، جدید تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی اور عوام کو معیاری صحت کی خدمات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








