پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف 17 نومبر بروز منگل کو آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا دورہ کریں گے، جہاں وہ 100 روزہ پلان کو حتمی شکل دیں گے۔ کشمیر ڈیجیٹل نے ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی مظفرآباد آئیں گی، جبکہ وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی بھی دورے میں شرکت متوقع ہے۔
دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) کی مرکزی قیادت کی جانب سے آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی فنڈز اور مختلف منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دورے کو آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں پارٹی نے 2026 کے انتخابات کے بعد وزیراعظم افتخار گیلانی کی قیادت میں حکومت قائم کی تھی۔
آزاد کشمیر کے وزرا نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی سینئر قیادت جلد خطے کا دورہ کر کے حکومت کے 100 روزہ پلان کا آغاز کرے گی، اور قیادت کی آمد کے دن کو پلان کا ڈے زیرو قرار دیا جائے گا، جس کے بعد اس پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔ وزرا کے مطابق پلان میں مختلف شعبوں میں قلیل، وسط اور طویل مدتی ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔
وزرا نے اس وقت کہا تھا کہ پلان نئی آزاد کشمیر حکومت کے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے تیاری کے مراحل میں ہے، اور اس کی مزید تفصیلات مرکزی قیادت کے دورے کے دوران سامنے آنے کی توقع ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر نے اپنی مرکزی قیادت کے استقبال کیلئے تیاریاں شروع کر دی ہیں، اور مظفرآباد میں استقبال کے انتظامات اور دیگر تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
نواز شریف اور مریم نواز نے رواں برس انتخابی مہم کے دوران مظفرآباد میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا تھا، جو آٹھ برس بعد ان کا ایک ساتھ خطے کا پہلا دورہ تھا، جس میں سابق وزیراعظم نے آزاد کشمیر کیلئے ترقیاتی وسائل بڑھانے کی بات کی تھی۔
دورے کے دوران 100 روزہ پلان اور ترقیاتی پیکج کی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔








