ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے متبادل ادویات کی تیاری، رجسٹریشن اور فروخت کو قانونی دائرے میں لانے اور ان کے معیار اور حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
ڈریپ نے باقاعدہ مراسلے میں متبادل ادویات کے لیے نئے قواعد اور معیار کی جانچ کے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔ یہ نظام وٹامنز، ملٹی وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس کو بھی شامل کرے گا۔ نئے قواعد کے تحت وٹامنز، ملٹی وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ لازمی قرار دے دی گئی ہے۔
ڈریپ نے مینوفیکچررز کو متبادل ادویات کی تیاری کے لیے لائسنس حاصل کرنے کے لیے چھ ماہ کی مہلت دی ہے، جبکہ رجسٹریشن کے لیے 18 ماہ کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ اتھارٹی نے ہومیوپیتھک مصنوعات سمیت تمام روایتی ادویات کے مینوفیکچررز اور فروخت کنندگان کے لیے مقررہ قواعد و ضوابط کی پابندی بھی لازمی قرار دے دی ہے۔
مراسلے کے مطابق پاکستان میں اس وقت تقریباً 600 مینوفیکچرنگ یونٹس متبادل ادویات تیار کر رہے ہیں، جبکہ قریباً ایک ہزار درآمد کنندگان ان مصنوعات کی درآمد میں ملوث ہیں۔ نئے ضابطوں کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ متبادل ادویات معیار اور حفاظت کے مقررہ معیارات پر پوری اتریں اور قانون کے مطابق تیار، درآمد اور فروخت کی جائیں۔








