بہاولنگر کے علاقے چک نمبر 272 ایچ آر میں ایک المناک حادثے میں ایک ہی خاندان کے تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق بجلی کی 11 ہزار وولٹ کی تار اچانک ٹوٹ کر گھر پر گر گئی، جس کے نتیجے میں گھر میں سوئے ہوئے میاں بیوی اور ان کا بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد بوٹا، ان کی اہلیہ شازیہ پروین اور ان کے بیٹے سلمان کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ واقعہ بہاولنگر کی تحصیل فورٹ عباس کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔
ایک ہی گھر سے میاں بیوی اور بیٹے کی لاشیں اٹھنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔ اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہائی وولٹیج تاروں کی حفاظت کے ناقص انتظامات نے تین قیمتی جانیں لے لی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افسوسناک واقعے میں تین افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔
شہریوں نے واپڈا کی مبینہ غفلت اور حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کی خطرناک تاروں کے حفاظتی انتظامات بہتر بنائے جائیں تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
اہل علاقہ نے سوال اٹھایا ہے کہ بجلی کی 11 ہزار وولٹ کی تار گھر پر کیسے گری اور رہائشی علاقوں کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں کی حفاظت کے کیا انتظامات ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تاروں کی دیکھ بھال میں کوتاہی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا اور متعلقہ حکام کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
ریسکیو حکام کے مطابق 11 ہزار وولٹ کی مین تار کیسے ٹوٹی اور گھر پر کیسے گری، اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔








